تحقیق و تصنیف

کسی بھی معاملہ ، مسئلہ اورسوال پر غورو فکر کرنا ، تجزیہ کرنا اور اس کے حل  کے اسباب تلاش  کرنا ، اس کے تما م پہلوؤں کاجائزہ لینا   اور  تنقیدی مشاہدہ کرنا  تحقیق کہلاتا ہے ۔معاشرتی  یا سماجی سائنس بنیادی طور پر معاشرہ  اور  معاشرہ کے افرادکے مابین باہمی تعلقات سے متعلق ہوتی ہے ۔ عصرِ حاضر میں معاشرتی سائنس سے متعلق تحقیق کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔  کیونکہ تحقیق  مختلف النوع سماجی مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے ۔ مسئلہ کی بنیادی وجہ معلوم ہو پاتی ہے اور یہ بات ثابت ہے کہ جب  مسائل کی بنیادی وجہ معلوم ہو تو ان کے مسائل کا بہتر اورمؤثر حل بھی تلاش کیا جاسکتا ہے ۔ تحقیق کا بنیادی  مقصد یہی ہے کہ کسی بھی معاملے کو حل کی طرف لایا جائے  یاکسی نظریہ کو واضح یا ثابت  کیا جاسکے۔  بذریعہ تحقیق کسی بھی علم  اور شعبہ میں اہم کردار ادا کیا جاسکتا ہے جو یقیناًمعاشرتی ترقی  اور  فلاح کا سبب بنتا ہے۔

  • تحقیق کے ذریعے ان مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے جو لوگوں کی معاشرتی زندگی پر اثر انداز ہوتے ہیں ۔ان مسائل کی جامع تحقیق بڑے پیمانے پرمعاشرے  اور معاشرتی افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
  • یہ بات درست ہے کہ ہمارے تمام تر مسائل ہمارے معاشرتی طرزِ عمل سے منسوب ہیں ۔ معاشرتی طرز عمل عمومی طور پر مختلف النوع مسائل اورآراء کا نتیجہ ہوتے ہیں ۔ان آراء  اور مسائل پر باہمی تحقیق  اورگفتگو سے مثبت نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں نیز اسی طریقہ کار سے بہترین معاشرتی بھلائی حاصل کی جاسکتی ہے ۔
  • سوشل سائنسز میں تحقیقی طریقہ کار سماجی مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لیے ایک موثر ذریعہ ہے۔جس میں تجارت سے لے کر حکومتی اور پرائیویٹ اداروں کے انتظام و انصرام کے معاملات بھی شامل ہیں۔
  • "علم” کسی بھی معاشرے کے لیے طاقت اور ترقی کی بنیاد گمان کیا جاتا ہے ۔ کسی بھی علم کو ہتھیار اور طاقت بنانے کے لیے تحقیق مرکزی کردار ادا کرتی ہے ۔
  • مختلف معاشروں میں مختلف نظریات ہوتے ہیں۔ قیادت ،انسانی رویہ ،حوصلہ افزائی اور  معاشرتی رویوں پر مختلف الاذہان نظریات موجود ہوتے ہیں ۔ بذریعہ تحقیق ہم پہلے سے قبول شدہ نظریات  پر نظر ِ ثانی  اور معاشرتی طرزِ عمل  کودرست سمت کی جانب گامزن کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں اور اس ضمن میں "سماجی تحقیق ” کی معاونت سے انکار ناممکن ہے ۔
  • "سماجی تحقیق” ماضی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ،مستقبل میں ہونے والے کسی بھی معاملے کے تعمیری عمل کی منصوبہ بندی یا ممکنہ نتائج کے پیش نظرمستقبل سے متعلقہ مجموی طور پر مناسب خاکہ تیار کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔
  • سماجی تحقیق معاشرے کے لیے اس تناظر میں بھی بہتر ہے کہ تحقیق کے ذریعہ ہم یہ جان سکتے ہیں کہ معاشیات ،معیشت صنعت  ، صارفینِ صنعت اور طلباء کے لیے کیا بہتر ہے اور کیا نہیں ۔
  • سماجی ادارے کبھی بھی ایک جگہ جامد نہیں ہوتے اور اس بات سے بھی انکار ممکن نہیں  کہ تبدیلی زندگی کا حصہ ہے  اور اس تمام ارتقائی و تغیراتی عمل  میں مثبت اورمنفی نتائج اخذ کرنے کے لیے سماجی تحقیق کی اہمیت مسلمہ ہے۔