علوم بشریات

علوم بشریات ماضی اور حال میں انسانوں اور انسانی طرز عمل اور معاشروں کا سائنسی مطالعہ ہے۔معاشرتی بشریات اور ثقافتی بشریات معاشروں کے معیارات اور اقدار کا مطالعہ کرتی ہیں۔لسانی بشریات میں ہم مطالعہ کرتے ہیں کہ زبان معاشرتی زندگی کو کس طرح متاثر کرتی ہے۔حیاتیاتی یا جسمانی بشریات میں ہم  انسانوں کی حیاتیاتی نشونما کا مطالعہ کرتے ہیں۔

علوم بشریات یعنی علوم انسانیات اپنے معنی میں بے حد وسعت رکھتا ہے۔مگر اختصار کے ساتھ اگر اس کی تعریف کی جائے تو اسے ان الفاظ سے واضح کیا جاسکتا ہے کہ یہ ایک ایسا علمی شعبہ ہے جس میں انسانی زندگی کے تمام تر پہلوؤں یعنی انسانی جسم کی ساخت، طور و اطوار، عمومی و خصوصی فطرت اور فطری معلومات، عقلی، نسلی خصوصیات اور سماجی ارتقاء سے مختلف تناظر میں بحث کی جاتی ہے۔بالفاظ دیگر ماہرین بشریات انسانی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر مختلف زاویہ نظر سے غور و فکر کرتے ہیں، قدیم و جدید تناظر میں انسانی گروہ و زندگیوں کا مطالعہ کرتے ہیں، ان کی حیاتیاتی، جنیاتی، معاشرتی و مادی ثقافت پر مباحثہ و موازنہ کرتے ہیں ۔ المختصر یہ کہ علوم بشریات  میں انسانی زندگی سے متعلقہ ہر ہر دور، پہلو اور انسانی زندگی کے معاشرتی ادوار، انسانیت کی نسلی تقسیم اور خصوصیات، ابتدا و انتہاء سب کو مفصل طور پر زیر کلام لایا جاتا ہے۔